پشاور،تھانہ متنی کی حدود میں افسوسناک واقعہ، پولیس ٹیمیں تشکیل

کامران علی شاہ

صوبائی دارالحکومت پشاور کے تھانہ متنی کی حدود میں خاتون اور معصوم بچے کو قتل کر کے ان کی لاشیں کنویں میں پھینک دی گئیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاسنی میں پیش آنے والے ایک دلخراش واقعے میں دو افراد پر اپنی سوتیلی والدہ اور کمسن سوتیلے بھائی کو مبینہ طور پر قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان، عمران اور سکندر، جو پاسنی کے رہائشی ہیں نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنی سوتیلی والدہ مسماۃ (س)، زوجہ حکیم خان اور اپنے کمسن سوتیلے بھائی کو قتل کرنے کے بعد دونوں کی لاشیں قریبی کنویں میں پھینک دیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے دونوں لاشیں کنویں سے نکال کر قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ خاتون اور کمسن مقتول، ملزم عمران ولد حکیم خان کی سوتیلی والدہ اور سوتیلے بھائی تھے۔

واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: بڈھ بیر مبینہ اجتماعی زیادتی کیس کا ڈراپ سین، 3 ملزمان اور جرگہ ارکان گرفتار

ان ٹیموں میں ڈی ایس پی سعید الرحمن، ایس ایچ او تھانہ متنی افتخار احمد اور تفتیشی افسران شامل ہیں، جو ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ یہ پولیس کی ابتدائی تفتیش ہے مزید تفتیش جاری ہے۔

Scroll to Top