کوہاٹ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شہباز الٰہی کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران تھانہ کینٹ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا، جبکہ اسلحہ اسمگل کرنے کے الزام میں ایک افغان شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کینٹ عرفان خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کاغزئی چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران ایک مسافر کوچ کو روک کر تلاشی لی۔ کوچ میں موجود بیگوں اور بوریوں کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔
برآمد ہونے والے اسلحے میں ایک راکٹ لانچر گن، 22 ہینڈ گرنیڈ، ایک بوسٹر اور 37 مارٹر راؤنڈ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آپریشن ’’غضب الحق‘‘ کے تحت افغانستان میں دہشتگردٹھکانوں پر کارروائی، متعدد اہداف کامیابی سے تباہ
پولیس نے موقع پر ملزم مومن خان، سکنہ افغانستان، کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم یہ اسلحہ ہنگو سے درہ آدم خیل منتقل کر رہا تھا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔





