لاہور: اکیڈمی کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق ہوگئے

صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک ٹیوشن اکیڈمی کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچے اکیڈمی میں ٹیوشن پڑھ رہے تھے کہ اچانک کمرے کی چھت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں 25 سے زائد بچے اور ایک ٹیچر ملبے تلے دب گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 14 بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 8 سے 10 بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گرنے والی چھت ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی اور ملبہ ہٹانے کی امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد ہی نقصانات کی حتمی تفصیلات سامنے آ سکیں گی۔

کاہنہ کے اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے چند بچوں کی شناخت ہو چکی ہے جن میں 7 سالہ ماہ نور فاروق، 7 سالہ رمشا عاطف، 5 سالہ مرتضیٰ عاطف، 9 سالہ غلام نبی، 6 سالہ تابشہ شہزاد، 16 سالہ خدیجہ دختر وسیم، 6 سالہ سلمان ولد وسیم اور 8 سالہ فواد ولد عابد شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بجلی کی تقسیم، بلنگ اور لوڈشیڈنگ سے واپڈا کا کوئی تعلق نہیں، چیئرمین واپڈا

دوسری جانب ٹی ایچ کیو ہسپتال کاہنہ کی انتظامیہ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 6 بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے جن کی حالت اب خطرے سے باہر اور مستحکم بتائی جا رہی ہے۔

ہسپتال میں زیرِ علاج زخمیوں میں 8 سالہ ابیہا، 10 سالہ فاریہ، 11 سالہ مرتضٰی، 8 سالہ ایان، 7 سالہ رابعہ اور 30 سالہ حمیدہ ریحان شامل ہیں۔

Scroll to Top