ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس ٹرانزیکشنز کا نظام فعال، ڈی جی پاسپورٹ محمد علی رندھاوا نے خوشخبری سنادی

پاکستان بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس ٹرانزیکشنز (ڈیجیٹل ادائیگیوں) کا نظام مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام کے نفاذ کو محکمہ کی ایک بڑی کامیابی قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ اقدام ملک میں ڈیجیٹلائزیشن اور شفافیت کی طرف ایک بڑا سنگِ میل ہے۔

ڈی جی پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ اس نئے ڈیجیٹل نظام سے محکمے کی کارکردگی اور عوامی سروسز کی فراہمی میں واضح بہتری آئے گی۔

انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ انشا اللہ آنے والے دنوں میں عوام کی سہولت کے لیے مزید کئی بڑی اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری

اس سے قبل وفاق وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں اعلان کیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر اس اہم اصلاحاتی منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا، جسے پاسپورٹ ٹیم نے کامیابی سے مکمل کر کے ملک بھر کے تمام دفاتر میں فعال کر دیا ہے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس بڑی تبدیلی کے بعد اب پاسپورٹ کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں کو فیس جمع کروانے کے لیے لمبی لائنوں میں لگنے یا گھنٹوں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی جس سے پبلک سروسز تیز رفتار، شفاف اور باسہولت ہو جائیں گی۔

Scroll to Top