الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر اور حلقہ بندیوں سے متعلق معاملات پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اہم حکام کو 7 جولائی کی سماعت کیلئے طلب کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر اور حلقہ بندیوں سے متعلق معاملات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خیبرپختونخوا کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت 7 جولائی کی سماعت کے لیے باقاعدہ نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ گزشتہ سماعت کے دوران چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس میں مصروفیت کے باعث پیشی سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی، جسے کمیشن نے ایک روز کے لیے منظور کیا۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خیبرپختونخوا نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ 15 اضلاع میں سے 7 اضلاع کی نیبر ہوڈ کونسلوں کے نوٹیفکیشنز فراہم کر دیے گئے ہیں، جبکہ باقی اضلاع کے نوٹیفکیشنز صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد جمع کرائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے واضح ہدایت کی ہے کہ خیبر، کرک، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، باجوڑ، ہری پور، مانسہرہ، اپر دیر، چترال، شانگلہ، مالاکنڈ، کرم، جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، سوات اور بونیر کے ڈپٹی کمشنرز اگلی سماعت سے قبل مطلوبہ نقشہ جات اور ریکارڈ فراہم کریں، بصورت دیگر انہیں بھی ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے گا۔
کمیشن نے حلقہ بندیوں کے مکمل ہونے والے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا ہے، تاکہ انتخابی عمل کو جلد از جلد آگے بڑھایا جا سکے۔





