مہمند میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کا حملہ؛ ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت دو اہلکار شہید

شاکر اللہ
ضلع مہمند کی تحصیل یکہ غنڈ میںدہشت گردوں نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او اور ایلیٹ فورس کے حوالدار شہید جبکہ گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔

حکام کےمطابق فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ تحصیل یکہ غنڈ میں ورسک لیفٹ کینال کے قریب مچنی (عقرب ڈاگ) کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی۔

پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ اچانک ہونے والے اس حملے میں تھانہ یکہ غنڈ کے ایڈیشنل ایس ایچ او زیت الرحمٰن اور ایلیٹ فورس کے حوالدار نورزیب موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

واقعے میں موبائل ڈرائیور ظاہر شاہ شدید زخمی ہوئے جنہیں تشویشناک حالت کے باعث ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آور واردات کے بعد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی دل فراز اور ایس ایچ او قاسم بھاری پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: سعید آباد میں ہینڈ گرنیڈ دھماکا، ایک بچی جاں بحق، 2 زخمی

سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مہمند کے مختلف حصوں اور قریبی راستوں پر حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

Scroll to Top