اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ سب میرین کیبل میں پیدا ہونے والی خرابی دور کر دی گئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بلا تعطل بحال ہو گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق سب میرین کیبل SEA-ME-WE 5 (SMW5) میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوا تھا، جس کے نتیجے میں بعض صارفین کو سروس کے معیار اور کنیکٹیویٹی میں وقتی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جمعرات کے روز ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے اور سروس متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئیں، جس کی تصدیق انٹرنیٹ مانیٹرنگ پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر کی رپورٹس سے بھی ہوئی، جن میں کئی علاقوں میں کنیکٹیویٹی مسائل ظاہر کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار، وجہ سامنے آگئی
پی ٹی اے نے اس سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ سب میرین کیبل سسٹم میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں تعطل آیا ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
تاہم اب اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ تکنیکی خرابی دور کر دی گئی ہے اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معمول کے مطابق بحال ہو چکی ہے، جبکہ تمام صارفین کو بلا رکاوٹ کنیکٹیویٹی فراہم کی جا رہی ہے۔





