نوجوان گریجویٹس کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ وظیفے کا سنہری موقع

حکومتِ پنجاب کے محکمہ خزانہ کے ماتحت کام کرنے والے ادارے پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P4A) نے اپنے فلیگ شپ ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026 کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ایک سالہ تربیتی پروگرام کے لیے منتخب امیدواروں کو ایک لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

اتھارٹی کے مطابق پروگرام کا مقصد نئے گریجویٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے شعبے میں عملی تجربہ فراہم کرنا ہے۔ منتخب امیدواروں کو تجربہ کار ماہرین کی نگرانی میں مختلف لائیو پروجیکٹس پر کام کرنے کا موقع ملے گا، جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔

پروگرام میں درخواست دینے کے لیے امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا ضروری ہے، جبکہ عمر کی حد 25 سال مقرر کی گئی ہے۔ امیدوار کے پاس ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے تسلیم شدہ یا کسی معروف غیر ملکی یونیورسٹی سے کم از کم 16 سالہ تعلیم مکمل ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی ریکارڈ میں کم از کم 3.3 سی جی پی اے بھی درکار ہوگا۔

پروگرام کے لیے فنانس، اکاؤنٹنگ، پروجیکٹ مینجمنٹ، بزنس ایڈمنسٹریشن، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، قانون، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس، مینجمنٹ انفارمیشن سسٹمز، ڈیٹا اینالیٹکس، اکنامکس، میڈیا اسٹڈیز، پبلک پالیسی، سوشل سائنسز اور نیچرل سائنسز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ، ناروے نے برازیل کو شکست دے دی

اتھارٹی کے مطابق اس پروگرام کے لیے ابتدائی طور پر صرف 15 نوجوان پروفیشنلز کا انتخاب کیا جائے گا، تاہم ضرورت کے مطابق نشستوں کی تعداد میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے۔

شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کو ٹیسٹ اور انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا، تاہم اس مقصد کے لیے کوئی سفری یا یومیہ الاؤنس (ٹی اے/ڈی اے) ادا نہیں کیا جائے گا۔

اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک سالہ تربیتی پروگرام ہے، اسے مستقل یا کنٹریکٹ ملازمت تصور نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی مستقبل میں ملازمت کی ضمانت ہوگی۔

دلچسپی رکھنے والے امیدوار پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی ویب سائٹ سے درخواست فارم حاصل کر کے مکمل دستاویزات، جن میں تعلیمی اسناد، ٹرانسکرپٹس، شناختی کارڈ، حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر، اپڈیٹڈ سی وی اور اگر موجود ہو تو تجربے کا سرٹیفکیٹ شامل ہیں، 22 جولائی 2026 تک جمع کرا سکتے ہیں۔

Scroll to Top