فنڈز کہاں خرچ ہوئے؟ خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں کا سروے شروع کرنے کا فیصلہ

 خیبر پختونخوا ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں خصوصی سروے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے دوران سکولوں کے ریکارڈ، فنڈز کے استعمال اور دستیاب سہولیات کی تفصیلی جانچ کی جائے گی۔

جاری مراسلے کے مطابق تمام اضلاع میں سرکاری سکولوں کا ریکارڈ اور سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا، سروے کے دوران پیرنٹ ٹیچر کونسل (پی ٹی سی) فنڈز کی وصولی، خرچ اور متعلقہ ریکارڈ کی تصدیق کی جائے گی۔

دستاویز کے مطابق سٹوڈنٹ ٹیچر ریشو کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ منظور شدہ اور تعینات اساتذہ کی تعداد کو طلبہ کے اندراج سے موازنہ کیا جائے گا۔

خصوصی سروے میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کے لیے جاری فنڈز، ان کے استعمال کا ریکارڈ، سکولوں میں فرنیچر کی دستیابی اور اس مقصد کے لیے فراہم کردہ فنڈز کی جانچ بھی شامل ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈبلیو ایس ایس پی کے 1800 ملازمین کا مستقبل، پشاور ہائیکورٹ کا اہم حکم

مراسلے کے مطابق یہ خصوصی سرگرمی 13 جولائی 2026 سے شروع کی جائے گی، تمام ضلعی تعلیمی افسران، پرنسپلز اور ہیڈ ٹیچرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مانیٹرنگ ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائیں۔

Scroll to Top