عالمی اور مقامی مارکیٹ میں مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں اچانک کمی ریکارڈ کی گئی ہےجس کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونا 4 لاکھ 32 ہزار 436 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ملک بھر میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت میں 1 ہزار 400 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 32 ہزار 436 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا بھی 1200 روپے سستا ہونے کے بعد 3 لاکھ 70 nہزار 744 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔
مقامی مارکیٹ میں یہ کمی عالمی بازار میں آنے والی مندی کے باعث دیکھی گئی، جہاں بین الاقوامی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونا 14 ڈالر کی کمی کے ساتھ 4100 ڈالر کا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب، سونے کے برعکس چاندی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان رہا اور فی تولہ چاندی 11 روپے کے اضافے کے ساتھ 6 ہزار 432 روپے ہو گئی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہےیہی وجہ ہے کہ افراطِ زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے دنوں میں اس کی مانگ اور قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
صدیوں سے دولت اور کرنسی کی ایک مستحکم شکل رہنے کی وجہ سے سرمایہ کار دیگر اثاثوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال میں اکثر سونے کا رخ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی مارکیٹ میں نئی گاڑی کی انٹری، سوزوکی آلٹو کو بڑا چیلنج
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کو انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کیا جاتا ہے۔





