شاکراللہ وزیر
شمالی وزیرستان کے سب ڈویژن میرعلی کی تحصیل سپین وام میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر بزدلانہ حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار تحصیل سپین وام میں معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی پر مامور تھے کہ گھات لگائے بیٹھے دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حملے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار نقیب اللہ اور شیر قادر شدید زخمی ہوئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ شہید ہونے والے دونوں اہلکاروں کی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر اسٹریٹجک ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے والےدہشت گرد عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔





