حکومت پنجاب نے صوبائی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کر دیے ہیں، جن کے تحت متعدد ڈپٹی کمشنرز اور سینئر افسران کی نئی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اویس مشتاق کو ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، ماہم آصف ملک کو ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ، محمد اکرام ملک کو ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ، بابر صاحب دین کو ڈپٹی کمشنر جھنگ جبکہ حنا ارشد کو ڈپٹی کمشنر خانیوال تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح رعنا حمید کو ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب اور سید محمد عباس شاہ کو ڈپٹی کمشنر بہاولنگر مقرر کیا گیا ہے۔ بہاولنگر کے سابق ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب صاف پانی اتھارٹی تعینات کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محمد وحید اصغر بھٹی کو منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ریسورس مینجمنٹ اینڈ پالیسی یونٹ مقرر کیا گیا، جبکہ سابق ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کو چیف آف سیکشن، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔
مزید تقرریوں کے تحت سابق ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ، سابق ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ انہار، جبکہ محمد تسلیم اختر راؤ کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر مقرر کیا گیا ہے۔
کیپٹن (ر) سید علی اصغر کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ سابق ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ راشد کو سینئر مینجمنٹ کورس کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں کمشنر ہزارہ سمیت اعلی افسران کے تبادلے و تعیناتیاں
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب میں بھی اہم تبادلے کیے گئے ہیں۔ قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر خالد محمود کا تبادلہ کرکے انہیں جنرل منیجر میڈیکل اسٹور ڈپو تعینات کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر طلحہ شیروانی کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام کے عہدے سے تبدیل کرکے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر بلال گنج ہسپتال مقرر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر محسن وٹو کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام تعینات کرنے کے ساتھ ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر معیز کو ایڈیشنل ڈائریکٹر پریونشن اینڈ کنٹرول آف ایپیڈیمکس مقرر کیا گیا، جبکہ ڈاکٹر بلال احمد افغانی کو سینئر میڈیکل آفیسر بلال گنج ہسپتال تعینات کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام کا اضافی چارج بھی سونپا گیا ہے۔
حکومت پنجاب کے مطابق ان تقرر و تبادلوں کا مقصد انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانا، گورننس بہتر کرنا اور مختلف محکموں کی کارکردگی کو مضبوط بنانا ہے۔





