پی آئی اے کو جدید بنانے کا منصوبہ، 16 نئے طیاروں کے حصول پر پیش رفت

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے فضائی بیڑے کو جدید بنانے کے لیے 16 نئے طیارے حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں بوئنگ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، انہوں نے بوئنگ گلوبل کے صدر برینڈن نیلسن سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پی آئی اے کے لیے نئے طیاروں کی خریداری اور قومی ایئرلائن کے بیڑے کو جدید بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کے وفد نے بھی شرکت کی، دونوں فریقین نے طیاروں کے حصول کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بوئنگ گلوبل کے صدر کی جانب سے پی آئی اے کے نئے طیاروں کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے میں تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے عالمی ایوی ایشن صنعت میں بوئنگ کے کردار کو سراہتے ہوئے طیارہ سازی کے شعبے میں کمپنی کی خدمات کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا اسلام آباد، بیجنگ براہِ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان

حکام کے مطابق 16 طیاروں کا حصول پی آئی اے کی فلیٹ جدید کاری حکمت عملی کا اہم حصہ ہے جس کا مقصد ایئرلائن کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

Scroll to Top