مفت سولر سسٹم کی فراہمی، عوام کے لیے بڑی خوشخبری

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے غریب اور مستحق خاندانوں کو مفت سولر ہوم سسٹم فراہم کرنے کے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، جس کے تحت 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو شمسی توانائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سولر ہوم سسٹم منصوبے سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی پیش رفت، تنصیب کے عمل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 18 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے، جبکہ اس کے تحت صوبے بھر کے 2 لاکھ 75 ہزار مستحق خاندانوں کو سولر ہوم سسٹمز فراہم کیے جائیں گے۔ ان میں ایک لاکھ 32 ہزار آف گرڈ اور ایک لاکھ 43 ہزار آن گرڈ صارفین شامل ہوں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر مستحق خاندان کو 180 واٹ سولر پینل، لیتھیم بیٹری، پنکھا اور ایل ای ڈی لائٹس فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ کم آمدنی والے گھرانوں کو سستی، صاف اور ماحول دوست توانائی کی سہولت میسر آ سکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک سندھ کے مختلف اضلاع میں 11 ہزار 571 سولر ہوم سسٹمز نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ گھوٹکی، عمرکوٹ، شہید بینظیر آباد، دادو، تھرپارکر، ٹھٹھہ اور کراچی سمیت دیگر اضلاع میں تنصیب کا عمل جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ یہ منصوبہ اپریل 2025 میں شروع کیا گیا تھا، جس کی تکمیل کا ہدف جون 2027 مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت آن گرڈ نظام میں ایسے محفوظ صارفین کو شامل کیا گیا ہے جو ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں، جبکہ آف گرڈ نظام کے ذریعے دور دراز، کچے، کوہستانی اور صحرائی علاقوں میں رہنے والے غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی تیاریاں مکمل، عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں کرکٹ کا بڑا میلہ سجنے کو تیار

بریفنگ میں بتایا گیا کہ قومی توانائی و ٹرانسپورٹ کارپوریشن سولر کٹس کی فراہمی کی ذمہ دار ہے، جبکہ سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (SRSO) کی جانب سے سولر سسٹمز کی مفت تنصیب، دیکھ بھال اور دو سالہ وارنٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سولر ہوم سسٹم منصوبے پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو جلد شمسی توانائی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کا مقصد غریب خاندانوں کو توانائی کے مسائل سے ریلیف دینا اور انہیں سستی و ماحول دوست بجلی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

Scroll to Top