خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر لوئر اور مہمند میں مسافر کوچز کو پیش آنے والے دو مختلف سڑک حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت مجموعی طور پر 28 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
دونوں مقامات پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پہلا حادثہ دیر لوئر میں شگوکس کے مقام پر پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار فلائنگ کوچ بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت18افراد زخمی ہوگئے۔
کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور تمام زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔
دوسرا حادثہ ضلع مہمند کی تحصیل پنڈیالی کے علاقے ڈھنڈ میں پیش آیا جہاں ایک اور مسافر کوچ کو حادثہ پیش آیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر خالق داد کی ہدایت پر ریسکیو 1122 مہمند کی میڈیکل ٹیمیں اور ایمبولینسز فوراً موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شبقدر منتقل کیا۔
یہ بھی پڑھیں : رستم،ٹریفک حادثے میں بچہ جاں بحق، خواتین سمیت 9 افراد زخمی
میڈیا کوارڈینیٹر ریسکیو 1122 مہمند کے مطابق اس دوسرے حادثے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال میں مزید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔





