نوشہرہ،میرہ جلوزئی میں افسوسناک واقعہ ،پولیس تحقیقات جاری

نوشہرہ میں 7 سالہ بچہ قتل، پولیس تحقیقات شروع

فضل نبی

نوشہرہ کے علاقے میرہ جلوزئی میں نامعلوم افراد نے 7 سالہ کمسن بچے کو تیز دھار آلے سے قتل کر کے لاش کھیتوں میں پھینک دی۔

پولیس نے مقتول کے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ ڈی پی او نوشہرہ نے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔

پولیس کو درج کرائی گئی رپورٹ میں مہمند آباد میرہ جلوزئی کے رہائشی ذاکر خان ولد گلاب خان نے بتایا کہ ان کا 7 سالہ بھتیجا شہزاد ولد امین اللہ صبح گھر سے نکلا تھا تاہم دوپہر تک واپس نہ آنے پر اہلخانہ نے اس کی تلاش شروع کی۔

انہوں نے مذید بتایاکہ تلاش کے دوران مہمند آباد میرہ جلوزئی میں واقع حاجی اسلم خان کے کھیتوں سے معصوم شہزاد کی لاش برآمد ہوئی۔ نامعلوم ملزم یا ملزمان نے بچے کا گلا اور گردن تیز دھار آلے سے کاٹ کر اسے انتہائی بے دردی سے موت کے گھاٹ اتارا اور لاش کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ مدعی مقدمہ کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی یا عناد نہیں تھا۔

نوشہرہ پولیس کے ترجمان کے مطابق کمسن بچے کے اس اندوہناک اور بیہمانہ قتل پر ڈی پی او نوشہرہ سونیا شمروز نے فوری اور سخت نوٹس لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں چنگچی رکشہ اور سوزوکی وین میں تصادم، 5 افراد زخمی، 2 کی حالت تشویشناک

انہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فارنزک ٹیم کو تفتیش کے آغاز کے احکامات جاری کر دیے ہیں جبکہ پولیس کو جلد از جلد ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

Scroll to Top