کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی پاکستانی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ، سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی، دشمن کی توپیں خاموش کرا دیں

پاک افغان سرحد پر کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی ہے، جس پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے فوری اور انتہائی مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کروا دیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغان طالبان نے کرم سیکٹر میں قائم پاکستانی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور دیگر ممنوعہ اسلحے کا بے دریغ اور بلااشتعال استعمال کیا۔ دشمن کی اس ناپاک کوشش کا مقصد پاکستانی چوکیوں کو نقصان پہنچانا تھا، تاہم وہاں تعینات مستعد جوانوں نے اس جارحیت کو ناکام بنا دیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اس اشتعال انگیزی پر فوری، مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی عمل میں لائی۔ پاک فوج کے جوانوں نے افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چوکیوں کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سمیت اپنے توپ خانے سے نشانہ بنایا۔

پاکستانی فورسز کی اس شدید اور غضب ناک جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان اپنی متعدد پوسٹیں چھوڑ کر پیچھے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے، جبکہ سرحدی علاقوں پر پاکستانی فورسز نے اپنا مکمل کنٹرول برقرار رکھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سرحدی صورتحال پر سیکیورٹی حکام کی جانب سے مسلسل اور کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور فورسز دشمن کی کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا اشتعال انگیزی کا فوری، دندان شکن اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر الرٹ اور تیار ہیں۔

Scroll to Top