اگلے چار برس تک عالمی فٹبال پر کس ٹیم کی حکمرانی ہوگی، اس کا فیصلہ آج امریکا میں ہونے والے فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ہوگا۔
نیویارک کے نیوجرسی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹائٹل مقابلے میں دفاعی عالمی چیمپئن ارجنٹینا کا سامنا سابق عالمی چیمپئن اسپین سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔
اسپین نے 2010 میں عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے، جبکہ مجموعی طور پر یہ اس کی تاریخ کا دوسرا ورلڈ کپ فائنل ہے۔
دوسری جانب ارجنٹینا ساتویں بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ اس سے قبل کھیلے گئے چھ فائنلز میں سے تین، 1978، 1986 اور 2022 میں، ارجنٹائن ٹیم عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : نہ 10 لاکھ، نہ 20 کروڑ، فیفا فائنل کا ایک ٹکٹ کتنے کا ہےا؟ ہوش اڑا دینے والے اعداد و شمار
یہ فائنل ارجنٹینا کے سپر اسٹار لیونل میسی کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ میچ بھی ثابت ہوسکتا ہے، جس کے باعث شائقین کی نظریں ان پر مرکوز ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو مسلسل دوسری بار عالمی ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ارجنٹینا کے لیونل میسی اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یمال اس فائنل کی بڑی توجہ کا مرکز ہوں گے، تاہم دونوں ٹیموں میں ایسے کئی باصلاحیت کھلاڑی بھی موجود ہیں جو کسی بھی لمحے میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔





