پنجاب حکومت نے شہریوں کے لیے اہم سہولت متعارف کرادی ہے، جس کے تحت اپنے گھر کی مرمت، مضبوطی، توسیع یا نئے گھر کی تعمیر کے خواہشمند افراد کو آسان شرائط پر بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے دو مختلف منصوبوں کے تحت اہل شہریوں کے لیے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔
گھر کی مرمت اور توسیع کے لیے 5 لاکھ روپے تک قرض
اپنی چھت، محفوظ چھت پروگرام کے تحت موجودہ گھر کی مرمت، مضبوطی یا توسیع کے لیے اہل افراد کو زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض دیا جائے گا۔
نئے گھر کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک قرض
جبکہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت نئے گھر کی تعمیر کے خواہشمند درخواست گزاروں کو 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کو اپنا گھر بنانے میں مالی معاونت فراہم کرنا اور ان کے لیے رہائش کی سہولت بہتر بنانا ہے۔
درخواست دینے کا آسان طریقہ
حکومت نے قرض کے حصول کے لیے درخواست کا طریقہ کار آسان رکھا ہے۔ شہری سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے بھی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بی آئی ایس پی کا دائرہ کار وسیع، مستحق افراد کے لیے رجسٹریشن کا عمل مزید آسان
حکومت کا کہنا ہے کہ بلاسود قرض کی سہولت سے شہری سود کی اضافی ادائیگی کے بغیر گھر کی تعمیر یا مرمت کا کام مکمل کر سکیں گے، جس سے ان پر مالی دباؤ کم ہوگا۔
درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست جمع کرانے سے قبل تمام ضروری دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ جانچ پڑتال اور منظوری کا عمل بروقت مکمل ہو سکے۔
اس اسکیم سے متعلق معلومات اور رہنمائی کے لیے حکومت نے ہیلپ لائن 0800-09100 بھی جاری کی ہے، جہاں شہری اپنے سوالات کے جوابات حاصل کر سکتے ہیں۔





