پاکستانی فری لانسرز کا بڑا کارنامہ، زرمبادلہ میں تاریخی اضافہ

پاکستانی فری لانسرز نے ملکی ڈیجیٹل اکانومی میں ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے مالی سال 26-2025 میں ریکارڈ 1 ارب 76 کروڑ ڈالرز کا زرمبادلہ ملک میں لایا ہے۔

گزشتہ مالی سال کے دوران فری لانسرز کی برآمدی آمدن میں مجموعی طور پر 78 فیصد کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک انتہائی خوش آئند پیش رفت ہے۔

حالیہ اعداد و شمار کے مطابق صرف ماہِ جون 2026 میں فری لانسرز کی برآمدی آمدن 16 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہی، جس میں گزشتہ برس کے اسی مہینے کے موازنے میں سالانہ بنیادوں پر 69 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

پاکستان میں فری لانسنگ انڈسٹری گزشتہ چند سالوں سے مسلسل اور تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گھر بنانے کے خواہشمند افراد کے لیے اچھی خبر، قرض کا حصول مزید آسان

اگر ماضی کے اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو مالی سال 23-2022 میں فری لانسرز کی ایکسپورٹ ارننگ 36 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز تھی، جو مالی سال 24-2023 میں بڑھ کر 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئی۔

یہ سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ مالی سال 25-2024 میں یہ آمدنی مزید اضافے کے ساتھ 98 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تک جا پہنچی اور اب موجودہ مالی سال میں اس نے 1 ارب 76 کروڑ ڈالرز کا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فری لانسنگ کے شعبے میں ہونے والا یہ مسلسل اضافہ ملکی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور آئی ٹی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے رجحان کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Scroll to Top