بی آئی ایس پی کا دائرہ کار وسیع، مستحق افراد کے لیے رجسٹریشن کا عمل مزید آسان

اسلام آباد: چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے مانسہرہ میں موبائل رجسٹریشن وین کا افتتاح کر دیا۔

موبائل رجسٹریشن وین کے ذریعے دور دراز علاقوں میں موجود مستحق افراد کو رجسٹریشن کی سہولت ان کی دہلیز تک فراہم کی جائے گی، تاکہ اہل خاندان آسانی سے بی آئی ایس پی کی خدمات سے مستفید ہو سکیں۔

اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کی سہولیات ہر اہل اور مستحق خاندان تک پہنچانا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مانسہرہ دفتر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے خواتین بینیفشریز سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے خواتین کو نئے ڈیجیٹل والٹ نظام اور بینظیر موبائل سم کے استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے بینظیر موبائل سم کی تقسیم اور والٹ ایکٹیویشن کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مالی معاونت براہ راست مستحق خواتین کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : کاش فضل الرحمان آدھا نہیں پورا سچ بولتے، جلسے کی تعریف کے ساتھ سخت زبان پر بھی ٹوکا تھا، حافظ طاہر اشرفی

انہوں نے کہا کہ خواتین اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت مجاز ریٹیلر سے رقم وصول کر سکیں گی۔

انہوں نے مستحق خواتین کو ہدایت کی کہ مفت بینظیر موبائل سم صرف بی آئی ایس پی دفاتر سے حاصل کریں، اصل شناختی کارڈ اور ذاتی موبائل فون ساتھ لائیں اور رقم وصول کرتے وقت اپنا فون کسی ایجنٹ یا ریٹیلر کے حوالے نہ کریں۔

روبینہ خالد نے مزید کہا کہ کسی بھی کٹوتی، بے ضابطگی یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر بی آئی ایس پی دفتر یا شکایات کے نظام سے رابطہ کیا جائے۔

Scroll to Top