وفاقی ملازمین کے لیے ٹائم اسکیل پالیسی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں حکومت نے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کے لیے ٹائم اسکیل کے طریقہ کار کو مزید آسان بنا دیا ہے۔
وزارت خزانہ نے ٹائم اسکیل سے متعلق موجود تمام ابہام دور کرتے ہوئے نیا مؤقف جاری کر دیا ہے اور تمام وفاقی وزارتوں اور متعلقہ اداروں کو اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے۔ اس نئے اقدام سے گریڈ 1 سے 16 تک کے ان ملازمین کو بڑا فائدہ پہنچنے کا امکان ہے جو طویل عرصے سے ترقی یا سروس بینیفٹس کے منتظر تھے۔
نئے فیصلے کے مطابق ایسے اہل وفاق ملازمین جنہوں نے 10 سالہ سروس مکمل کر لی ہے ان کے لیے پہلے ٹائم اسکیل کے حصول کی راہ ہموار ہو گئی ہے جس سے طویل عرصے سے ایک ہی عہدے پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ بی پی ایس 16 میں ترقی پانے والے اسسٹنٹس بھی اب ٹائم اسکیل کے اہل قرار دیے گئے ہیں جبکہ ایکس پاکستان لیو اور ہاف ایوریج پے پر موجود اہل ملازمین کو بھی ٹائم اسکیل کے دائرے میں شامل کر لیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹائم اسکیل کی منظوری کے لیے متعلقہ اسکیل کمیٹی اور مجاز اتھارٹی کی منظوری لازمی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں افسران کی ترقیاں اور تبادلے، نوٹیفکیشن جاری
اس فیصلے کا بنیادی مقصد وفاقی ملازمین کو سروس بینیفٹس فراہم کرنے کے نظام کو مزید واضح اور مؤثر بنانا ہے تاکہ اہل ملازمین کو مقررہ قواعد کے مطابق سہولت دی جا سکے۔





