میرانشاہ میں سیکیورٹی فورسز اور پلنگزئی عمائدین کا جرگہ، امن و امان کیلئے اہم فیصلے

شاکر خان

میرانشاہ: شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز اور پلنگزئی گاؤں کے عمائدین کے درمیان اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقے کی صورتحال، امن و امان اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جرگے میں مقامی یونٹ کمانڈر اور پلنگزئی گاؤں کے عمائدین نے شرکت کی، جہاں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقے میں کسی بھی مسلح عنصر کو کسی قسم کی سہولت یا معاونت فراہم نہیں کی جائے گی۔

عمائدین نے امن و امان کے قیام کیلئے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور علاقے میں استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

جرگے کے دوران مقامی مسائل بالخصوص بجلی کی فراہمی سے متعلق مشکلات بھی زیر بحث آئیں۔ عمائدین نے سول انتظامیہ، ٹیسکو (TESCO) اور متعلقہ تعمیراتی اداروں سے رابطہ کرتے ہوئے علاقے میں بجلی کے مسائل کے فوری حل کی درخواست کی۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور سمیت کئی اضلاع زیر آب، حکومت بارشوں سے نمٹنے میں ناکام رہی، میاں افتخار حسین

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جرگے میں شریک عمائدین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی، جبکہ باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور علاقے کی صورتحال سے متعلق مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ امن کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کیلئے مقامی عمائدین، انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ انتہائی ضروری ہے۔

Scroll to Top