مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی کے آثار سامنے آنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف جاری حملوں میں وقفہ دینے کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 5 فیصد سے زائد گر گئیں۔
رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 5.58 ڈالر یعنی 5.77 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 91.20 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 4.91 ڈالر یعنی 5.50 فیصد کمی کے بعد 84.40 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کی امید پیدا ہونے سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کم ہوئے، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ آیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری کارروائی روکنے کا حکم دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق 13 روز سے جاری حملوں کو جمعے کے روز روکنے کا اعلان کیا گیا، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ وقفہ عارضی ہے یا مکمل جنگ بندی کی جانب پیش رفت ہے۔
عالمی مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں تیل کی قیمتوں کا انحصار امریکا اور ایران کے درمیان صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں پر ہوگا۔





