جنوبی کوریا کی عدالت نے ملک کی مہنگی ترین طلاقوں میں سے ایک کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ایس کے گروپ کے چیئرمین چے تے وون کو سابق اہلیہ روہ سو ہیونگ کو تقریباً 179 ارب پاکستانی روپے (944 ارب وون) ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
چے تے وون اور روہ سو ہیونگ 35 سال تک ازدواجی رشتے میں رہے، تاہم ان کی شادی اس وقت بحران کا شکار ہوئی جب یہ انکشاف ہوا کہ چے تے وون ایک دوسری خاتون سے بچے کے والد بن چکے ہیں۔
روہ سو ہیونگ جنوبی کوریا کے سابق صدر روہ تے وو کی بیٹی ہیں۔ طلاق کے مالی معاملات پر عدالت نے 2024 میں ابتدائی طور پر 1.38 کھرب وون کی ادائیگی کا حکم دیا تھا، تاہم بعد میں سپریم کورٹ کی جانب سے اثاثوں کی نوعیت اور تقسیم کے معاملات پر نظرثانی کے بعد یہ رقم کم کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں طلاق اور خلع کی شرح کیوں بڑھ رہی ہے؟ اہم وجوہات سامنے آگئیں
ایس کے گروپ جنوبی کوریا کا دوسرا بڑا خاندانی کاروباری گروپ (چی بول) ہے، جو سام سنگ کے بعد ملک کے بڑے صنعتی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ گروپ کی اہم ذیلی کمپنی ایس کے ہائنکس مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے لیے استعمال ہونے والی جدید چپس تیار کرتی ہے۔





