پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ہاکی ورلڈ کپ جیسے اہم معرکے سے قبل قومی ٹیم کی قیادت میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے عماد شکیل بٹ کی جگہ ابوبکر کو نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق ابوبکر آئندہ تمام بین الاقوامی مقابلوں میں قومی ہاکی ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے پروفیشنل ڈیولپمنٹ کمیٹی کی تجاویز اور سفارشات کی روشنی میں اس اہم تبدیلی کی منظوری دی جبکہ سابق کپتان عماد شکیل بٹ بطور سینئر کھلاڑی ٹیم میں اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
ترجمان پاکستان ہاکی فیڈریشن نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے کپتان ابوبکر کی قیادت، سینئر کھلاڑیوں کے تجربے اور نوجوان کھلاڑیوں کی توانائی کے بہترین امتزاج سے قومی ٹیم ایک متحد اور مضبوط فارمیشن کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری، پاکستانی شاہینوں کی ترقی
نومنتخب کپتان ابوبکر 30 جولائی کو جنوبی کوریا کے خلاف شروع ہونے والی ہوم سیریز میں پہلی بار قومی ٹیم کی کپتانی کریں گےجبکہ 15 اگست سے شروع ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں بھی وہ گرین شرٹس کی قیادت کریں گے۔





