اسلام آباد: ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور مہنگائی کی لہر آنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپے 20 پیسے اضافے کی درخواست زیر سماعت ہے۔ منظوری کی صورت میں اگست کے بجلی کے بل مزید مہنگے ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں بجلی کی قیمت بڑھانے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی ہے، جس پر آج سماعت کی جا رہی ہے۔
نیپرا درخواست پر تمام متعلقہ فریقین کا مؤقف اور دستیاب اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔ اگر درخواست منظور کر لی گئی تو اضافی چارجز کا اطلاق اگست کے بجلی کے بلوں پر ہوگا، جس سے کراچی سمیت ملک بھر کے لاکھوں گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین متاثر ہوں گے۔
سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق جون کے دوران ملک میں بجلی کی پیداوار کا سب سے بڑا حصہ ہائیڈرل ذرائع سے حاصل کیا گیا، جو مجموعی پیداوار کا 39 فیصد رہا۔
یہ بھی پڑھیں : باغبان پورہ میں گھر کی تین چھتیں گر گئیں، دو خواتین جاں بحق، متعدد افراد زخمی
اس کے علاوہ مقامی کوئلے سے 10.11 فیصد، درآمدی کوئلے سے 12.65 فیصد، درآمدی گیس سے 11.02 فیصد جبکہ نیوکلیئر ذرائع سے 13.40 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
ماہرین کے مطابق ہر ماہ بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے مختلف ایندھن کی لاگت کی بنیاد پر فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کے بجلی کے بلوں میں کمی یا اضافہ کیا جاتا ہے۔
اب بجلی صارفین کی نظریں نیپرا کے فیصلے پر مرکوز ہیں، کیونکہ درخواست منظور ہونے کی صورت میں اگست کے بجلی کے بلوں میں واضح اضافہ متوقع ہے۔





