لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر شان مسعود انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
شان مسعود پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران انگلی پر گیند لگنے سے زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی انجری کا جائزہ لیا گیا۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق بائیں ہاتھ کے بیٹر میڈیکل پینل کی نگرانی میں علاج اور بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
پاکستان ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شان مسعود انجری کے باوجود دورے پر ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے، جبکہ دورہ انگلینڈ کے لیے ان کی دستیابی کا فیصلہ ری ہیب پروگرام کی پیش رفت دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : 2027 ورلڈ کپ کن میدانوں میں کھیلا جائے گا؟ آئی سی سی نے اعلان کر دیا
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں 90 رنز سے شکست دی تھی۔
سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 2 سے 6 اگست تک پورٹ آف اسپین کے کوئینز پارک اوول میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان ٹیم سیریز برابر کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔





