ضلع کرم کے علاقے ڈال میں چچازاد بھائیوں کے درمیان جائیداد کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق ہو گئےجبکہ ایک اور شخص صدمہ برداشت نہ کرنے کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ معمولی تکرار کے بعد پیش آیا جس میں اصغر حسین اور ان کے سگے بھائی اسد علی جاں بحق ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کی لاشیں دیکھ کر کمال حسین شدید صدمے میں آ گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد تینوں افراد کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال پاراچنار منتقل کی گئیں، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا شیڈول جاری کردیا
مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں جائیداد کے تنازعات کے باعث اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں۔





