پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا تاریخی اقدام، ویسل مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کا معاہدہ طے

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بحری سلامتی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ویسل مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کے تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیے۔

اس سلسلے میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ہیڈکوارٹرز کراچی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکریٹری دفاع نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کے علاوہ میری ٹائم شعبے سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ویسل مانیٹرنگ سسٹم پاکستان کے بحری سلامتی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، سمندری حدود میں نگرانی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور قومی بحری مفادات کے تحفظ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ماہی گیروں کی حفاظت کو یقینی بنانے، بحری سرگرمیوں سے متعلق بروقت آگاہی فراہم کرنے، سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کو فروغ دینے اور میری ٹائم شعبے کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کی تحریکِ خود ارادیت کو دبا نہیں سکا، بلاول بھٹو زرداری

حکام کے مطابق جدید مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ سے پاکستان کے اہم سمندری وسائل کے تحفظ، بحری حدود کی مؤثر نگرانی اور قومی سلامتی کے تقاضوں کو مزید تقویت ملے گی۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے بحری سلامتی کو مضبوط بنانے اور قومی سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیتی رہے گی۔

Scroll to Top