پشاور: سینئر صحافی اور عالمی خبر رساں ادارے ڈی ڈبلیو (DW) کے نمائندے مدثر شاہ آفریدی حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث پشاور میں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کا تعلق ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل سے تھا۔ ان کی میت پشاور کے ہسپتال سے آبائی علاقے لنڈی کوتل روانہ کر دی گئی ہے، جبکہ نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
مدثر شاہ آفریدی نے کئی دہائیوں تک قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے صحافت کے شعبے میں خدمات انجام دیں۔
وہ اپنی پیشہ ورانہ دیانت، غیرجانبدارانہ رپورٹنگ، شائستگی اور اعلیٰ صحافتی کردار کے باعث صحافتی حلقوں میں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات میں امن ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
مرحوم کے انتقال کی خبر سامنے آنے پر صحافتی، سماجی اور عوامی حلقوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ساتھی صحافیوں کے مطابق مدثر شاہ آفریدی ایک نفیس، خوش اخلاق، ملنسار اور خاکسار شخصیت کے مالک تھے، جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صحافتی برادری نے مدثر شاہ آفریدی کے انتقال کو شعبہ صحافت کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔





