اسلام آباد: وفاقی بیوروکریسی میں اہم تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں، میجر جنرل عابد مظہر کو وزارت داخلہ و انسداد منشیات ڈویژن میں ایڈیشنل سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے، جبکہ پولیس سروس اور دیگر محکموں کے متعدد افسران کی بھی نئی ذمہ داریاں مقرر کردی گئی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل عابد مظہر کی تقرری سیکنڈمنٹ کی بنیاد پر 3 سال کے لیے کی گئی ہے۔ وہ میجر جنرل نور ولی خان کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ ان کی تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعظم معائنہ کمیشن کے رکن محب علی پھلپوٹو کی کنٹریکٹ ملازمت میں 2 سال کی توسیع کردی گئی ہے۔ ان کی مدت ملازمت میں 21 دسمبر 2026 سے 20 دسمبر 2028 تک توسیع کی گئی ہے۔
اسی طرح ایڈیشنل سیکریٹری منصوبہ بندی ڈویژن ڈاکٹر محمد طاہر نور کو تفویض کردہ سیکریٹری منصوبہ بندی ڈویژن کے اضافی چارج میں مزید 3 ماہ کی توسیع کی گئی ہے، جس کا اطلاق 5 نومبر 2026 سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : ایف پی ایس سی نے سیکشن آفیسرز پروموشنل امتحان 2026 کا نتیجہ جاری کردیا، 64 امیدوار کامیاب
دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق پولیس سروس کے گریڈ 18 کے افسر عبدالحمید کا بلوچستان حکومت سے تبادلہ کرکے انہیں وزیراعظم آفس میں وزیراعظم کا سیکیورٹی افسر تعینات کردیا گیا ہے۔
پولیس سروس کے گریڈ 18 کے افسر کیپٹن (ر) آصف خان کا بلوچستان حکومت سے اسلام آباد پولیس تبادلہ کیا گیا ہے، جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری میں تعینات گریڈ 18 کے افسر کیپٹن (ر) میاں حسنین اقبال کی خدمات سندھ حکومت کے سپرد کردی گئی ہیں۔
مزید برآں بیورو آف امیگریشن کے نیٹ ورک سسٹم انجینئر شفیق الرحمان (گریڈ 17) کی خدمات وزارت داخلہ و انسداد منشیات کے سپرد کرتے ہوئے انہیں 3 سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا ہے۔
ایک اور نوٹیفکیشن کے تحت تقرری کے منتظر گریڈ 22 کے افسر کیپٹن (ر) سیف انجم کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام تقرر و تبادلوں اور دیگر انتظامی فیصلوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیے ہیں۔





