چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ آئین کے مطابقآزاد کشمیر میں نئی اسمبلی وجود میں آ چکی ہے، اگرچہ چند نشستوں پر ابھی انتخابات ہونا باقی ہیں، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسمبلی مکمل طور پر تشکیل نہیں پائی۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام مصطفیٰ مغل نے کہاکہ منتخب ہونے والے ارکان حلف اٹھا سکتے ہیں اور اسمبلی کی کارروائی آئین کے مطابق آگے بڑھ سکتی ہے، پونچھ ڈویژن میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاری مکمل ہے، تاہم انتخابات کے انعقاد میں امن و امان کی صورتحال بنیادی اہمیت رکھتی ہےکیونکہ ووٹرز، انتخابی عملے اور انتخابی سامان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں عوام نے بھرپور انداز میں انتخابی عمل میں حصہ لیا اور ٹرن آؤٹ بھرپور رہا،مظفرآباد ڈویژن میں ووٹر ٹرن آؤٹ 53 فیصد جبکہ میرپور ڈویژن میں 46.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو موجودہ حالات کے تناظر میں حوصلہ افزا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے الیکشن کمیشن پر لگائے جانے والے الزامات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور ادارہ وہ سیاسی الزامات کا جواب نہیں دیتے کیونکہ ان کا کام صرف آئین اور قانون کے مطابق انتخابات کا انعقاد ہے۔





