ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: ملک بھر میں آج حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کا چہلم نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں جبکہ امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پر مجالس عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جان نثار رفقا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا اور اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ، کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے پیش نظر شہر کے اہم تجارتی اور مرکزی شاہراہ ایم اے جناح روڈ کو گرو مندر سے ٹاور تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے تاکہ جلوس کے شرکاء کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس کے دوران متبادل ٹریفک پلان بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔ ناظم آباد سے آنے والی گاڑیوں کو لسبیلہ چوک سے گارڈن کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ شارع فیصل سے آنے والی ٹریفک کو سوسائٹی سگنل سے متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کے روٹ پر صرف خصوصی اسٹیکر رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور متبادل راستے اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے مرکزی ماتمی جلوس کے لیے غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سوات کبل سانحہ، ہیومن رائٹس کمیشن کا حکومت سے بڑا مطالبہ

پولیس کے مطابق جلوس کی حفاظت پر سات ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ رینجرز اور ایلیٹ فورس کے دستے بھی مختلف حساس مقامات پر موجود ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

انتظامیہ نے جلوس کے تمام مقررہ راستوں کو کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں لگا کر سیل کر دیا ہے، جبکہ سیف سٹی اور کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے جلوس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے جلوس کے راستے میں واقع بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

جلوس میں شریک عزاداروں کی حفاظت اور مؤثر چیکنگ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں، جہاں سیکیورٹی اہلکار ہر آنے والے کی مکمل تلاشی لے رہے ہیں۔

ملکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چہلم کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں، جاری ٹریفک ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

Scroll to Top