کاشف عزیز
پشاور: یومِ شہداء پولیس کے موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اپنے ویڈیو پیغام میں پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن محض ایک یادگار دن نہیں بلکہ قربانیوں، حوصلے اور بہادری کی ایک عظیم داستان ہے۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے ہر شہید کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے قیامِ امن، ریاست کی بقاء اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا، ذوالفقار حمید کا یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر خصوصی پیغام pic.twitter.com/yOjPQPuBun
— Pakhtun Digital (@PakhtunDigital) August 4, 2026
اپنے پیغام میں آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف اسلحہ، بندوق اور گولہ بارود کی جنگ نہیں بلکہ یہ حوصلے، عزم اور ایمان کی جنگ ہے۔
دشمن نے دھماکوں، حملوں اور ہر ممکن حربے کے ذریعے پولیس اور عوام کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی، لیکن خیبرپختونخوا پولیس کے جوان ہر محاذ پر چٹان کی طرح کھڑے رہے۔
یہ بھی پڑھیں : یومِ شہدائے پولیس پر وزیراعظم کا اہم پیغام، شہداء کے خاندانوں کے لیے بڑا اعلان
ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس جوانوں نے وطن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنے خون کا آخری قطرہ تک قربان کر دیا، لیکن دشمن کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ایک ایسی شیر دل فورس ہے جو شہادت کو کمزوری نہیں بلکہ اپنی طاقت اور فخر سمجھتی ہے۔ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے پولیس شہداء کے خاندانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اور جوانوں پر ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہداء کے خون سے روشن کیے گئے چراغ کو ہمیشہ روشن رکھیں اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں اسی جذبے کے ساتھ ادا کرتے رہیں۔





