سلمان یوسفزئی
پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے بی ایس طلبہ اور گریجویٹس کے لیے تین ماہ پر مشتمل پیڈ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کرکے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز اینڈ لائبریریز خیبر پختونخوا کی جانب سے تمام انتظامی سیکریٹریز کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں متعلقہ محکموں، اداروں اور جامعات میں انٹرن شپ کے مواقع یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق بی ایس گریجویٹس کے لیے شروع کیے جانے والے پیڈ انٹرن شپ پروگرام کے تحت ہر انٹرن کو ماہانہ 25 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ پروگرام مکمل طور پر صوبائی حکومت کے فنڈز سے چلایا جائے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انٹرنز کو سرکاری محکموں، خودمختار اداروں، جامعات، پبلک سیکٹر تنظیموں اور دیگر متعلقہ اداروں میں عملی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے شعبوں میں پیشہ ورانہ تجربہ حاصل کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ تعلیمی بورڈ نے نہم و دہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا
محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے تمام انتظامی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اداروں میں بی ایس طلبہ اور گریجویٹس کے لیے مناسب انٹرن شپ نشستیں مختص کریں، جبکہ انٹرن شپ پروگرام سے متعلق امور کی نگرانی کے لیے فوکل پرسن بھی نامزد کیے جائیں۔
مراسلے کے مطابق تمام محکموں کو انٹرن شپ کے دستیاب مواقع کی تفصیلات 15 روز کے اندر فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد صوبے کی سطح پر مرکزی ڈیٹا بیس قائم کیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق مرکزی ڈیٹا بیس کے ذریعے طلبہ اور گریجویٹس کو ان کی اہلیت اور تعلیمی شعبے کے مطابق انٹرن شپ کے مواقع سے منسلک کیا جائے گا۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نوجوانوں کو تعلیمی قابلیت کے ساتھ عملی تجربہ فراہم کرنے اور انہیں مستقبل کے روزگار کے لیے بہتر انداز میں تیار کرنے کی کوشش ہے۔





