لکی مروت: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے بہرام خیل میں گھریلو جھگڑے کے دوران گھر کے اندر دستی بم پھٹنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 3 بچے زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب گھر میں کسی بات پر جھگڑا جاری تھا، اسی دوران گھر میں موجود دستی بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص، اس کی بھابھی اور بھتیجا موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ 3 بچے زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد اور زخمی بچوں کو ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمی بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا پشاور میں احتجاجی جلسہ آج، تیاریاں مکمل؛ سیکیورٹی پلان بھی مرتب
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ گھر میں موجود دستی بم پھٹنے کے باعث پیش آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم یہ دستی بم گھر تک کیسے پہنچا اور دھماکا کن حالات میں ہوا، اس حوالے سے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ واقعے کی مکمل تفتیش کے بعد ہی دھماکے کی اصل وجوہات سامنے آسکیں گی۔





