ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز کی جغرافیائی حدود پر اتفاق کرلیا

ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز کی حدود سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا

مشرق وسطیٰ کے سب سے اہم اور حساس تنازع آبنائے ہرمز کی بحالی سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز کی جغرافیائی حدود پر اتفاق کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران نے تصدیق کی ہے کہ تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے مجوزہ بحری راستے کے جغرافیائی نقاط پر عمان کے ساتھ اتفاق ہو گیا ہے۔
ایرانی حکام نے بتایا کہ اس وقت دونوں ممالک ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، تاہم اگر کسی تیسرے فریق نے مداخلت کی تو معاہدہ متاثر بھی ہو سکتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ صرف محفوظ بحری راستے پر اتفاق ہو جانا آبنائے ہرمز میں مکمل سیکیورٹی کی ضمانت نہیں کیونکہ خطے کی مجموعی سلامتی کا انحصار دیگر سیاسی اور فوجی عوامل پر بھی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز میں جنگی جہاز یا فوج لائی گئی تو اسے بھی نشانہ بنائیں گے، ایران

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ عمان کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، اگر دونوں ممالک کے درمیان کوئی معاہدہ ہو بھی جاتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام جہاز مکمل طور پر محفوظ ہو جائیں گے۔
انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ کی وجوہات اب بھی موجود ہیں جن میں خاص طور پر امریکا کی بحری ناکہ بندی اور ایران اور اس کے مفادات کے خلاف دیگر جارحانہ اور دھمکی آمیز اقدامات شامل ہیں۔

Scroll to Top