پشاور: سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا محمد خالد خان نے صوبے کے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ سرکاری سکولوں میں جاری تزئین و آرائش، مرمت و بحالی کے کاموں اور نئی سہولیات کی فراہمی کو سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے۔
جاری ہدایات کے مطابق سکولوں میں فراہم کیے گئے نئے فرنیچر، موسم گرما کی تعطیلات کے دوران مکمل کیے گئے مرمت و بحالی کے کاموں اور زیر تعمیر نئے کلاس رومز کی پیش رفت کی تصاویر اور تفصیلات باقاعدگی سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جائیں۔
سیکرٹری تعلیم نے ہدایت کی کہ ہر سکول میں فراہم کیے گئے فرنیچر کی تصاویر، مرمت سے پہلے اور بعد کی صورتحال، جبکہ نئے تعمیر ہونے والے کلاس رومز کی تفصیلات عوام تک پہنچائی جائیں تاکہ محکمہ تعلیم کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے شہریوں کو آگاہ رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : مستقلی کا اعلامیہ جاری نہ ہونے پر پشاور ہائیکورٹ کے 4 ججز غیر فعال ہوگئے
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیر تعلیم کو محکمہ تعلیم کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساڑھے سات ارب روپے کی لاگت سے جاری سکول فرنیچر منصوبے کی تکمیل کے بعد صوبے کے سرکاری سکولوں میں کسی بھی طالب علم کو بغیر کرسی کے بیٹھنا نہیں پڑے گا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اس منصوبے کا مقصد طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا اور سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سکولوں میں جاری ترقیاتی اقدامات کی مؤثر تشہیر سے عوام کو تعلیمی شعبے میں ہونے والی بہتری سے آگاہی حاصل ہوگی۔





