آٹے کی قیمتوں میں شدید اضافہ،پشاور میں 20 کلو کا تھیلا 3100 روپے کا ہو گیا

آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ،پشاور میں 20 کلو کا تھیلا 3100 روپے کا ہو گیا

ملک کے مختلف شہروں میں ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں بعض علاقوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے تک مہنگا ہو گیا۔

ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی اور لاڑکانہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد کراچی میں آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے اور لاڑکانہ میں 2 ہزار 600 روپے تک جا پہنچا۔

اسی طرح سکھر میں ایک ہفتے کے دوران 60 روپے اضافے کے بعد قیمت 2 ہزار 560 روپے جبکہ بنوں میں 50 روپے اضافے کے بعد قیمت 2 ہزار 950 روپے تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے شہری اس وقت ملک کا سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں جہاں 20 کلو تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار 133 روپے ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 100 روپے، راولپنڈی میں 3 ہزار 93 روپے، بہاولپور میں 2 ہزار 960 روپے اور بنوں میں 2 ہزار 950 روپے ہو چکی ہے۔

دیگر شہروں میں حیدرآباد، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 2 ہزار 800 روپے، سرگودھا میں 2 ہزار 793 روپے اور کوئٹہ میں 2 ہزار 750 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سولر صارفین کے لئے بڑی خوشخبری،نیپرا نے لائسنس کی شرط ختم کردی

دوسری جانب لاہور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 300 روپے اور فیصل آباد میں 2 ہزار 200 روپے میں دستیاب ہے، جو ملک کے تمام بڑے شہروں کے مقابلے میں نسبتاً کم قیمت شمار کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top