محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی، شمالی اور وسطی علاقوں میں آج مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹنے، درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے شمالی اور بالائی علاقوں میں موسم خراب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ چترال، دیر، مالم جبہ اور سیدو شریف میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے بعض مقامات پر بھی بادل برس سکتے ہیں۔

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں موسم ابرآلود رہے گا جبکہ سکردو، بابوسر، استور، ہنزہ، گوپس، بونجی، چلاس اور گلگت کے بعض علاقوں میں بادل برسنے کا امکان ہے۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں بشمول مظفرآباد، راولاکوٹ اور گڑھی دوپٹہ میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد مزید بادل برسنے کا امکان موجود ہے، جبکہ راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے دیگر اضلاع لاہور، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاورکے مزید 45 پرائمری سکول آؤٹ سورسنگ کے لیے منتخب

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم مزید خوشگوار ہو جائے گا۔ شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ڈرائیونگ کے دوران احتیاط برتیں اور بالخصوص پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والے افراد سڑکوں کی صورتحال سے باخبر رہیں۔

Scroll to Top