آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے پولنگ آج ہوگی، جس کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ضلع باغ اور حویلی میں انتخابی سامان پہنچا دیا گیا۔
آزاد کشمیر میں تیسرے مرحلے میں ضلع باغ کے 3 اور حویلی کے ایک حلقے میں ووٹنگ ہوگی، انتخابی حلقوں میں ایل اے 14، ایل اے 15، ایل اے 16 اور ایل اے 17 شامل ہیں، جہاں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
تیسرے مرحلے کے الیکشن میں کل 82 امیدوار میدان میں ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، پونچھ اور سدھنوتی کے حلقوں میں انتخابات مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسمبلی وجود میں آ چکی،نو منتخب اراکین حلف اٹھا سکتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر
آزاد کشمیر الیکشن کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 میں سے 9 نشستوں پر مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی تھی، جبکہ پیپلز پارٹی 4 سیٹوں پر کامیاب ہوئی۔
دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخاب ہوا، جن میں سے مسلم لیگ ن 15 اور پیپلز پارٹی 6 نشستوں پر کامیاب قرار پائی۔





