خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس آج 12 بجے کے بجائے دوپہر 2 بجے ہوگا

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ کا 56واں اجلاس آج دوپہر 2 بجے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت سول سیکریٹریٹ پشاور کے کابینہ روم میں ہوگا۔ اجلاس کا وقت پہلے 12 بجے مقرر کیا گیا تھا جسے تبدیل کرکے دوپہر 2 بجے کردیا گیا ہے۔

کابینہ اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے اہم پالیسی، انتظامی، تعلیمی، صحت اور ترقیاتی امور منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

تعلیمی شعبے میں اہم اصلاحات کے حوالے سے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے تعلیمی سال 2027-28 کے لیے کے جی سے پنجم اور بعد ازاں چھٹی سے آٹھویں جماعت تک نیا نظام متعارف کرانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نویں سے بارہویں جماعت کے تمام طلبہ کو 100 فیصد مفت درسی کتب فراہم کرنے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

صحت کے شعبے میں 21 مستحق مریضوں اور درخواست گزاروں کے علاج کے لیے مالی امداد کی منظوری طلب کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ وظیفہ دار (Stipendiary) ہاؤس جاب نشستوں کے قیام، وظائف کی رقم میں اضافے اور اضافی گرانٹس سے متعلق تجاویز بھی کابینہ کے سامنے پیش ہوں گی۔

قانون و انصاف کے شعبے میں تحصیل جوڈیشل کمپلیکس ایکہ غند کی تعمیر کے لیے محکمہ ایگریکلچر انجینئرنگ کی 10 کنال اراضی پشاور ہائی کورٹ کو منتقل کرنے کی تجویز شامل ہے۔ صوبائی محتسب کے ملازمین کے قوانین 2025 میں ترامیم کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد کار میں بڑا اضافہ، جدید اے پی سیز، گاڑیاں اور موٹر سائیکلز اضلاع کے حوالے

عوامی و نجی شراکت داری کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بل 2026 کی منظوری کی درخواست کابینہ کے سامنے رکھی جائے گی۔

اسی طرح اپر سوات ڈیولپمنٹ اتھارٹی (USDA) بورڈ کے لیے ضلع سوات سے 6 نجی ارکان اور ایک مقامی رکن صوبائی اسمبلی کی نامزدگی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

کابینہ اجلاس میں ضلع باجوڑ کے متاثرین کے لیے بھی اہم فیصلہ متوقع ہے۔ محکمہ ریلیف و بحالی کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے عام شہریوں کو اضافی مالی معاوضہ (Enhanced Compensation) فراہم کرنے کی منظوری طلب کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مشاورت، چیف ایگزیکٹو آفیسر چیریٹیز کمیشن کی تعیناتی، پروجیکٹ امپلیمنٹیشن پالیسی 2022 میں ترامیم اور دیگر اہم انتظامی و ترقیاتی امور بھی زیر بحث آئیں گے۔

Scroll to Top