محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خصوصی پیغام پہنچا دیا

تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے تہران میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی اور اہم پیغام پہنچایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے ایرانی صدر کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بارے میں بھی بریف کیا اور معاہدے کے حوالے سے انہیں اعتماد میں لیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اور امریکہ امن معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں،وزیردفاع خواجہ آصف

ذرائع ایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خلیجی ممالک، ایران اور امریکا کے اعلیٰ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور خطے میں امن مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ان کوششوں میں معاونت کر رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے سے باہمی مفادات یقینی ہونے کے ساتھ علاقائی سکیورٹی اور استحکام بھی مزید مضبوط ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران امریکہ معاہدے کیلئے پاکستان کی کوششیں مزید تیز، وزیرداخلہ محسن نقوی کی تہران میں ایرانی صدر سے اہم ملاقات

مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات علاقائی سکیورٹی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے ایران کے ساتھ تعلقات بڑھانے اور انہیں مزید مستحکم کرنے میں وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی دلچسپی کو قابل قدر قرار دیا۔

ایرانی صدر کے مطابق ایران تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے اور مشترکہ تعاون کے لیے راہ ہموار کرنے کو تیار ہے۔

دوسری جانب محسن نقوی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مضبوط اور نہ ٹوٹنے والے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران کے ساتھ تعلقات کو جامع انداز میں مزید آگے بڑھانے کے لیے اسلام آباد انتہائی سنجیدہ عزم کے ساتھ اقدامات کررہا ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Scroll to Top