لندن: برطانیہ اور آئرلینڈ میں آج 12 اگست کو رواں دہائی کا نمایاں ترین جزوی سورج گرہن دیکھا جائے گا، جس کے دوران مختلف علاقوں میں سورج کا 91 سے 93 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مکمل سورج گرہن کا راستہ برطانیہ کے شمالی حصے سے گزرے گا، تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں گہرا جزوی سورج گرہن دکھائی دے گا۔
لندن، مانچسٹر اور گلاسگو میں سورج کا تقریباً 91 فیصد حصہ چھپ جائے گا، جبکہ کارڈف میں یہ شرح تقریباً 93 فیصد اور بیلفاسٹ میں 93 فیصد سے کچھ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
آئرلینڈ کے کاؤنٹی کیری میں گریٹ اسکیلیگ کے مقام پر گرہن سب سے زیادہ نمایاں ہوگا، جہاں سورج کا تقریباً 98 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا۔ یہ برطانیہ میں 1999 کے بعد سب سے زیادہ نمایاں سورج گرہن ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : مکہ معاہدے میں کوئی ابہام نہیں، ایک ملک کی سلامتی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہوگی، دفتر خارجہ
سورج گرہن برطانوی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ مختلف علاقوں میں گرہن اپنے عروج پر تقریباً 7 بج کر 5 منٹ سے 7 بج کر 13 منٹ کے درمیان ہوگا۔
اس دوران سورج مغرب اور شمال مغرب کی سمت افق کے قریب ہلال کی شکل میں دکھائی دے گا۔
برطانیہ میں مکمل سورج گرہن دیکھنے کے لیے البتہ طویل انتظار کرنا ہوگا۔ وہاں اگلا مکمل سورج گرہن 23 ستمبر 2090 کو متوقع ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جزوی سورج گرہن کے دوران سورج کو براہِ راست آنکھ سے دیکھنا خطرناک ہوسکتا ہے، اس لیے گرہن کا مشاہدہ کرتے وقت مخصوص حفاظتی چشموںکا استعمال ضروری ہے۔





