خیبرپختونخوا حکومت نےافغان مہاجرین کی خالی کردہ زمین پر جنگلات قائم کرنے کی منظوری دے دی

کاشف الدین سید
خیبر پختونخوا حکومت نے افغان مہاجرین کی خالی کردہ زمینوں پر جنگلات قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

افغان مہاجرین کی خالی کردہ زمینوں کی بحالی کے منصوبے کے تحت درگئی اور گڑھی چندن میں 1400 ملین روپے لاگت کی زمینوں کے حصول اور وہاں جنگلات کے قیام کے لیے رواں مالی سال کے دوران 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

ان منصوبوں کا بنیادی مقصد صوبے میں ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ، شجرکاری میں اضافہ، جدید تکنیک کے ذریعے جنگلات کی دیکھ بھال اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا ہے۔

10 بلین ٹری اپ سکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے اس اہم منصوبے کی کل لاگت 12,616.750 ملین روپے ہے، جس کے لیے رواں مالی سال میں 1,008.568 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سولر ٹیوب ویلز کے ذریعے بنجر اور خشک علاقوں میں شجرکاری کی جائے گی جبکہ پشاور میں شہری ماحول کی بحالی اور شجرکاری کے لیے 192.020 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مردان: والدہ سے تکرار پر 13 سالہ بچے کی خودکشی

اسی منصوبے کے تحت جنوبی اضلاع کے لیے بھی خاص گرانٹ رکھی گئی ہے جس سے وہاں فارسٹ نالج پارکس قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ صوبے میں خیبر پختونخوا کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے قیام اور اس کی فیزیبلٹی کے لیے بھی دو کروڑ روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔

Scroll to Top