آئی جی خیبرپختونخوا کا پولیس اہلکاروں کیلئے اہم اقدام، کانسٹیبلری بیرکس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور کا دورہ کیا، جہاں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود، بہتر طرزِ زندگی اور معیاری رہائش کی فراہمی کے لیے کانسٹیبلری بیرکس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔

اس موقع پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے آئی جی پی کو کانسٹیبلری بیرکس کے نقشے، قیام کے مقاصد، گنجائش، پولیس اہلکاروں کے لیے رہائشی سہولیات، انتظامی امور اور دیگر اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی فلاح و بہبود، بہتر رہائش اور بنیادی سہولیات کی فراہمی محکمہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ننھے ہاتھ کتابوں کے بجائے اوزار اٹھانے پر مجبور، خیبرپختونخوا میں چائلڈ لیبر کا بڑا انکشاف

ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کو بہتر اور باعزت رہائشی سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف ان کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی بلکہ ان کے حوصلے اور کارکردگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

آئی جی پی نے مزید کہا کہ ایک مطمئن، پُراعتماد اور باحوصلہ پولیس فورس ہی عوام کو مؤثر، بروقت اور بہترین خدمات فراہم کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top