ہری پور میں گھریلو تنازع خونریز ہوگیا، بھائی کے ہاتھوں بہن قتل

ہری پور میں گھریلو تنازع پر فائرنگ کے ایک واقعے میں ملزم نے اپنی حقیقی بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، جبکہ شہر میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے محکمہ صحت کا ملازم بھی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق پہلا واقعہ تھانہ بیڑ کی حدود میں پھلڑ کے مقام پر پیش آیا، جہاں گھریلو رنجش کے باعث ملزم نے اپنی حقیقی بہن پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں مقتولہ موقع پر جاں بحق ہوگئی، جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔ مقتولہ کی لاش ضروری کارروائی کے لیے ٹراما سنٹر منتقل کردی گئی ہے، جبکہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہری پور: نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے محکمہ صحت کا ملازم جاں بحق

دوسری جانب ہری پور کے تھانہ سٹی کی حدود میں جی ٹی روڈ درویش موڑ کے قریب نامعلوم مسلح شخص نے موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شوہر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کی اہلیہ محفوظ رہی۔

پولیس کے مطابق مقتول اور اس کی اہلیہ محکمہ صحت کے ملازم تھے اور موٹر سائیکل پر سوار ہوکر جا رہے تھے کہ نامعلوم ملزم نے انہیں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کی تفتیش شروع کردی۔ جاں بحق شخص کی لاش ٹراما سنٹر منتقل کردی گئی ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے کارروائی جاری ہے۔

Scroll to Top