سام سنگ کی جانب سے پریمیم اوور ایئر وائرلیس ہیڈ فونز کی مارکیٹ میں دوبارہ واپسی کی تیاریوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد کمپنی کے نئے ہیڈ فونز کو ایپل کے ایئر پوڈز میکس اور سونی کی ڈبلیو ایچ-1000 ایکس ایم سیریز کا ممکنہ حریف قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت سام سنگ کی جانب سے اس شعبے میں ایک دہائی سے زائد عرصے بعد دوبارہ قدم رکھنے کی جانب اشارہ کرتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق سام سنگ کی گیلیکسی ویئرایبل ایپ میں گیلیکسی ایچ ون کے اندرونی نام سے ایک نئے ہیڈ فونز کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
ایپ میں موجود کنکشن اسٹیٹس آئیکنز سے اندازہ ہوتا ہے کہ نئے ہیڈ فونز اوور ایئر وائرلیس ڈیزائن کے حامل ہوسکتے ہیں۔ لیک ہونے والے آئیکنز میں سفید، سرمئی اور سیاہ رنگ کے ہیڈ فونز دکھائی دیتے ہیں، جبکہ بعض گرافکس میں ایئر کشنز سرمئی یا سبز رنگ میں نظر آتے ہیں۔
سامنے آنے والی تصاویر میں ہیڈ فونز کا ڈیزائن چوڑے ہیڈ بینڈ اور نسبتاً بڑے ایئرکپس پر مشتمل دکھائی دیتا ہے، تاہم ان تصاویر سے حتمی ڈیزائن کی تصدیق نہیں ہوتی۔
یہ بھی پڑھیں : ہری پور میں گھریلو تنازع خونریز ہوگیا، بھائی کے ہاتھوں بہن قتل
موجودہ اطلاعات کے مطابق سام سنگ نئے ہیڈ فونز کو 2027 کے آغاز یا موسم بہار کے دوران متعارف کرا سکتا ہے، تاہم کمپنی کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
نئے ہیڈ فونز میں ایکٹو نوائز کینسلیشن، ایمبیئنٹ ساؤنڈ، جدید بلوٹوتھ کنیکٹیویٹی، اے آئی اسسٹنٹ اور مختلف گیلیکسی ڈیوائسز کے درمیان خودکار سوئچنگ سمیت متعدد سہولیات شامل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم ان فیچرز کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی۔
سام سنگ اپنی سیم لیس کوڈیک الٹرا ہائی کوالٹی ٹیکنالوجی بھی ان ہیڈ فونز میں شامل کرسکتا ہے، جس کے ذریعے مطابقت رکھنے والی گیلیکسی ڈیوائسز کے ساتھ بہتر اور ہائی ریزولوشن آڈیو فراہم کیا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ سام سنگ نے 2015 میں لیول آن وائرلیس پرو ہیڈ فونز متعارف کرائے تھے۔ نئے گیلیکسی ہیڈ فونز کے ذریعے کمپنی موجودہ گیلیکسی ایکو سسٹم کے ساتھ گہری انٹیگریشن کے ذریعے پریمیم آڈیو مارکیٹ میں دوبارہ اپنی جگہ بنانے کی تیاری کررہی ہے۔





