ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاری شروع، اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنے کیلئے میٹنگ بلائیں گے، اسد قیصر

استخار احمد یوسفزئی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ستمبر کے لانگ مارچ کے لیے ان کی جماعت نے بھرپور تیاری شروع کردی ہے، جبکہ حزب اختلاف کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لیے میٹنگ بلائی جا رہی ہے۔

اپنے بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ کوشش ہے کہ کسانوں، مزدوروں اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی مشاورت میں شامل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوریت، آئین و قانون کی بالادستی اور ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے متحد ہونا چاہیے۔

اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ اس وقت ملک میں نہ قانون ہے اور نہ آئین، جبکہ عملی طور پر قانونی اور بنیادی انسانی حقوق ختم ہوچکے ہیں۔ ان کے بقول کسی کو بھی اٹھایا جا سکتا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے عدالتی نظام پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عدالتیں مکمل طور پر ختم کردی گئی ہیں اور عدالتوں کے پر کاٹ دیے گئے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو خود بھی معلوم ہے کہ وہ ناجائز طور پر اقتدار میں ہے اور اس کے پاس مینڈیٹ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسا الیکشن کمیشن ہونا چاہیے جو سب کے لیے قابل قبول ہو اور صاف و شفاف انتخابات کرائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : 27 ستمبر کو اسلام آباد میں بڑا اجتماع ہوگا، لانگ مارچ کی قیادت خود کرونگا، سہیل آفریدی

اسد قیصر نے کہا کہ نئی پارلیمنٹ تشکیل دی جائے جس میں عوام کی حقیقی نمائندگی ہو اور عوام کے اصل نمائندوں کو پارلیمنٹ میں لایا جائے تاکہ ملک موجودہ بحران سے نکل سکے۔

مولانا فضل الرحمان سے رابطوں کے حوالے سے اسد قیصر نے کہا کہ ان کے ساتھ انگیجمنٹ جاری ہے، تاہم ابھی باضابطہ اتحاد کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی خواہش ہے کہ اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ جمہوریت، رول آف لا، آزاد عدلیہ اور ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے بات چیت کی جائے۔

Scroll to Top